کریلا(Bitter Gourd):۔
کرولا(بنگالی)
Momordica Charantia(حیاتیاتی)
کریلا ایک مشہور سبزی ہے ۔موسم گرما میں زمین سے اگنے والی نباتات میں کریلا خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔پنجاب کے جنگلوں میں خودروکریلا بکثرت ہوتا ہے جو ککوڑہ کہلاتا ہے۔کریلا ایک نازک پتلی سی بیل میں لگتا ہے یہ بیضوی کیلا نما ہوتا ہے اس کا سرا نوکدار ہوتا ہے۔ساری سبزی کے طول میں ابھری ہوئی قطاریں ہوتی ہیں جن میں گول گول ابھار اٹھے ہوتے ہیں۔اس کی شاخوں اور پتوں دونوں کی سطح پر روئیں ہوتے ہیں اس کا رنگ کچا سبز پختہ سرخ یا زرد ذائقہ تلخ ہوتا ہے۔اس کا شمار کڑوی ترین سبزیوں میں ہوتا ہے مگر اس کے بے شمار طبی فوائد ہیں۔ اس کی پیداوار جنوبی ایشیاء ، جنوب مشرقی ایشیا، چین اور افریقہ کے علاقوں میں ہوتی ہے۔ اس میں بے شمار حیاتین شامل ہیں جس میں وٹامنA ،B، C، Kشامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں کیلشیم، مگنیشیم، فاسفورس، پوٹاشیم اور زنک کی قابل ذکر مقدار بھی ہوتی ہے۔ اس کے بے شمار طبی فوائد ہیں یہ خون صاف کرنے اورذیابیطس میں بھی بہت مفید ہے۔

اس میں لیٹین نامی ایک مادہ شامل ہے جو انسولین کی طرح کام کر کے خون میں گلوکوز کو کم کرتا ہے۔ بلکہ اس سے خون میں انسولین کو قبول کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔ ہندوستان اور چینی طب میں اسے سینکڑوں سال سے استعمال کیا جاتا ہے۔موسم گرما میں ہمارے بدن میں نمکیات کی کمی ہوجاتی ہے کریلا قدرت کی وہ سبزی ہے جو اس کمی کو پورا کرتی ہے۔ یہ مقوی معدہ ملین طبع، قاطع بالغم اور قاتل کرم شکم ہے۔ ورموں کو تحلیل کرتاہے۔یہ کھانسی و دمہ کے لیئے مفیدہے۔یہ محلل ریاح اور مقوی باہ و اعصاب ہے۔ جگر کے تمام امراض میں کریلے کا پانی بہت مفید ہے۔ یرقان کے لئے کریلا بہت فائدہ مند ہے ۔ جوڑوں اور گٹھیا کے درد، اعصابی امراض اور لقوہ وفالج میں بھی مفید ہے۔کیونکہ کریلا خشک اور گرم مزاج ہے اس لئے رطوبت تحلیل کرتا ہے۔فالج میں اس کا استعمال بہت فائدہ دیتاہے۔کریلے کے پتوں کا جوس شراب کے زہریلے مادوں کے لئے یہ موثر ہے۔ شراب نوشی سے جگر کو پہنچنے والے نقصان کی بھی اصلاح کرتا ہے۔ کریلے کی سطح پر پائے جانے والے ابھار قدرتی طور پر ویسے ہی ہیں جیسے لبلبے پر پائے جانے والے ابھار ۔یونانی طبیبوں کا کہنا ہے کہ لبلبے کی طاقت کے لیئے کریلے سے زیادہ مفید کوئی پھل یا سبزی نہیں۔
حکیم امانت علی فاضل الطب و الجراحت
Phone: +923467556390
Email: islamidawakhanakhw@gmail.com
Tibb-e-IslamiDawaKhana.blogspot.com
Comments
Post a Comment